گندم،آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہری پریشان
چناب نگر(نامہ نگار )نئی فصل آنے کے باوجود گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔
اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4000 روپے فی من سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دیسی آٹا 140 روپے اور فائن آٹا 145 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرکاری سطح پر گندم کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں ریٹ زیادہ ہونے سے کاشتکار سرکاری مراکز کے بجائے آزاد منڈی میں فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں جس سے قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔۔آٹے کی قیمت بڑھنے سے 15 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2200 روپے تک جا پہنچا ہے۔، جس سے فی کلو قیمت 145 روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے اور دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہو گئی ہے ۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو فوری کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔