جائیکا اسلام آباد میں واٹر سپلائی، سیوریج کے ماسٹر پلان پر کام کریگی
جا ئیکا وفد کی چیئر مین سی ڈی اے سے ملاقات ، سملی، سنگجانی واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر )چیئر مین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف سے پیر کے روز جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ’’جا ئیکا ‘‘ کے وفد نے ملاقات کی جس میں پانی کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ جائیکا اسلام آباد کیلئے واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینج کے جامع ماسٹر پلان پر کام کریگی۔ وفد نے کہا کہ ماسٹر پلان اسلام آباد کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر 2060 تک کیلئے قابلِ عمل ہوگا ۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے پائیدار اور مستقل حل تلاش کئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ اور دوتارہ ڈیمز کے حوالے سے بھی جا ئیکا اپنی تکنیکی معاونت فراہم کرے ، شاہدرہ ڈیم پر تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ بعد ازاں جا ئیکا کے وفد نے سملی اور سنگجانی واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ بھی کیا۔