بجٹ میں عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ
صفائی، نکاسی آب، سڑکوں کی بحالی اور صاف پانی کے منصوبے اہم قرارجدید بلدیاتی نظام کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں، ناصر حسین
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ بلدیات سندھ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ صوبائی بجٹ میں شامل کی جانے والی ترقیاتی اور عوامی فلاحی اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں شہری سہولتوں کی بہتری، صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ایسی اسکیموں کو ترجیح دی جائے جن کے ثمرات براہ راست عام آدمی تک پہنچ سکیں۔
سندھ حکومت شہری و دیہی علاقوں میں یکساں ترقی اور جدید بلدیاتی نظام کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ صفائی، نکاسی آب، سڑکوں کی بحالی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے ۔ اجلاس میں سالڈ ویسٹ بورڈ کے دائرہ کار کو مزید اضلاع تک توسیع دینے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ماسٹر پلان سے متعلق امور، شہری آبادی میں اضافے کے تناظر میں مستقبل کی ضروریات اور ترقیاتی منصوبہ بندی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ مختلف ترقیاتی اسکیموں کی رفتار تیز کرنے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ وزیر بلدیات سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دیتے وقت عوامی ضروریات، شہری مسائل اور بلدیاتی اداروں کی استعداد کار کو مدنظر رکھا جائے۔