تاجروں پر تشدد اور تضحیک آمیز رویہ قابلِ مذمت ،آفاق احمد
ناانصافی پر تمام تنظیمیں مشترکہ احتجاج کریں، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹپیپلز پارٹی نے تاجروں کو غیر محفوظ بنادیا ہے ،صرافہ بازار کے دورے پر گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے صرافہ بازار میں تحقیقاتی ادارے کی جانب سے تاجر برادری کے ساتھ مبینہ تضحیک آمیز رویے اور تاجر پر اس کے بیٹے کے سامنے تشدد کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، انہیں عزت اور تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ آفاق احمد نے صدر صرافہ بازار کا دورہ کیا جہاں تاجر برادری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بجٹ تاجروں کے ٹیکسز سے بنتا ہے لیکن افسوس کہ آج تاجر خود غیر محفوظ ہیں،تاجروں کو جانی و مالی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنا سرمایہ ملک کی ترقی میں استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے ملکی معیشت کی بحالی کیلئے کیے جانے والے اقدامات قابل اطمینان ہیں تاہم پیپلز پارٹی کی پالیسیوں اور رویے نے ان کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے ،پیپلز پارٹی نے تاجر برادری کو غیر محفوظ بنادیا ۔ آفاق احمد نے کہا کہ کسی بھی تاجر کے ساتھ ناانصافی کی صورت میں تمام تاجر تنظیموں کو مشترکہ احتجاج ریکارڈ کرانا چاہیے ۔ ہر مشکل وقت میں تاجر برادی کے ساتھ کھڑا ہونگا۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ اگر 28ویں ترمیم میں شہری سندھ کے حقوق کا تحفظ شامل نہیں اور تاجروں کی جان و مال محفوظ نہیں تو ایسی ترمیم میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔