وزیراعلیٰ ہاؤس کمپلین سیل عوامی خدمت کی شاندار مثال، بیرسٹر ارسلان
شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پرحل، عملی اقدامات کئے جارہے ، ترجمان سندھ حکومتبنیادی مسائل کے حل کیلئے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، بیان
سکھر(بیورو رپورٹ)میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہائوس کمپلین سیل عوامی خدمت، فوری داد رسی اور موثر طرزِ حکمرانی کی ایک شاندار مثال بن چکا ہے ، جہاں شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ ہائوس کمپلین سیل عوامی وژن کی عملی تعبیر ہے ، جہاں شہریوں کی شکایات اور مسائل کو فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچا کر ان کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں قائم کمپلین سیل عوام اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط اور مؤثر رابطے کا ذریعہ بن چکا ہے۔
صحت، تعلیم، بلدیاتی سہولیات، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، پانی، بجلی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ ادارے متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے ،میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت خدمت، شفافیت اور عوامی اعتماد پر یقین رکھتی ہے ۔ اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ شکایات کے فوری ازالے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں،بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل شکایات اور تجاویز کے لئے وزیر اعلیٰ ہائوس کمپلینٹ سیل سے بھرپور استفادہ کریں۔