بنگلہ دیش کے سینئرآفیسرز کا دورہ ایف بی آر، نظام کا جائزہ
چیئرمین ایف بی آرنے شفافیت، کارکردگی اور اصلاحات سے آگاہ کیا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) بنگلہ دیش سول سروسز کے سینئر افسران پر مشتمل 12 رکنی وفد نے گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیااوریہاں موجودہ سسٹم کا جا ئزہ لیا۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا دونوں ممالک تاریخی روابط اور انتظامی و گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل ہیں، دوروں کے تبادلہ سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے وفد کو ایف بی آر میں شفافیت، کارکردگی اور ادارہ جاتی استعداد بہتر بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی اہم اصلاحات اور بہتری کے لئے اٹھائے گیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت اہم عہدوں پر تعینات 90 فیصد سے زائد افسران کیٹیگری اے اور بی سے تعینات کیے گئے ہیں۔ بنگلہ دیشی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری سلمیٰ صدیقہ مہتاب کر رہی تھیں۔