ڈپٹی کمشنر کاٹی ایچ کیوہسپتال ‘امتحانی مرکز دیگرمقامات کادورہ

ڈپٹی کمشنر کاٹی ایچ کیوہسپتال ‘امتحانی مرکز دیگرمقامات کادورہ

چائلڈ وارڈ میں ڈاکٹرکی غیر حاضری پر برہم،شوکاز ،وضاحت طلب کرنیکی ہدایت

گوجرانوالہ‘نوشہرہ ورکاں (سٹاف رپورٹر‘تحصیل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں سعدیہ جمال اور دیگر افسروں کے ہمراہ نوشہرہ ورکاں کا دورہ کیا۔ انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، امتحانی مرکز، زیر تعمیر ماڈل بازار اور محرم کے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ٹی ایچ کیو ہسپتال کے دورے کے دوران پر ڈی سی نے مختلف شعبہ جات، طبی سہولیات، صفائی ، ادویات دستیابی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیاچائلڈ وارڈ کے معائنے پرچائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر ارسلان کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کیخلاف شوکاز نوٹس جاری کرنے اور وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈیوٹی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔بعد ازاں انہوں نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات پرامتحانی مرکز کا دورہ کیا اور انتظامات، سکیورٹی اور نقل کی روک تھام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر ماڈل بازار نوشہرہ ورکاں میں جاری ترقیاتی کاموں، تعمیراتی معیار اور منصوبے کی رفتار کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو مقررہ مدت میں معیاری تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے محرم کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو صفائی، سکیورٹی، روشنی، تجاوزات خاتمے اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں