منشیات فروشی کے 3مقدمات کا فیصلہ ‘3مجرموں کو سزا کا حکم

منشیات فروشی کے 3مقدمات کا فیصلہ ‘3مجرموں کو سزا کا حکم

منشیات فروشی کے 3مقدمات کا فیصلہ ‘3مجرموں کو سزا کا حکم مجرم ابتہاج عرف ببلو کو 20 سال قید با مشقت اور 8 لاکھ روپے جرمانہ

گوجرانوالہ ، کامونکے (سٹاف رپورٹر، تحصیل رپورٹر )سیشن کورٹس میں زیر سماعت منشیات فروشی کے 3مختلف مقدمات کے فیصلے سناتے ہوئے فاضل ججوں نے تینوں ملزموں کو 30 سال قید اور 11لاکھ 25ہزار روپے جرمانہ کی سزا دیدی، ملزموں سے 12 کلو چرس اور اڑھائی کلو ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ پبلک پراسیکیوٹر و فوکل پرسن بابت منشیات مقدمات ندیم اختر باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج صاحبزادہ نقیب شہزاد نے تھانہ کینٹ میں درج 12 کلو چرس کی برآمدگی کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر منشیات فروش مجرم ابتہاج عرف ببلو کو 20 سال قید با مشقت اور 8 لاکھ روپے جرمانہ کا حکم سنایا۔ کینٹ پولیس نے ملزم ابتہاج کی نشاندہی پر کشمیر کالونی میں اسکے کوارٹرز پر چھاپہ مار کر 12 کلو چرس برآمد کی تھی اور ملزم ابتہاج کے خلاف 14ستمبر 2024کو مقدمہ درج کیا تھا۔

عدالت نے منشیات فروشی کے تھانہ کوتوالی کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر مجرم غلام مصطفی کو 10 سال قید با مشقت اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کا حکم سنایا۔ فوکل پرسن ندیم اختر باجوہ نے بتایا کہ کوتوالی پولیس نے 9 ستمبر 2024 کو شیرانوالہ باغ کے قریب سے ملزم غلام مصطفی سے 1 کلو 1سو گرام ہیروئن برآمد ہونے پر مقدمہ درج کیا تھا ۔ ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ میں درج منشیات فروشی کے مقدمہ کا فیصلہ بھی سنایا۔ پراسیکیوٹر عابد رانجھا نے میڈیا کو بتایا کہ جرم ثابت ہونے پر فاضل جج نے مجرم فیصل علی عرف ڈون کو 10 سال قید اور ایک لاکھ 25 ہزار جرمانہ کا حکم سنایا۔ قلعہ دیدار سنگھ پولیس نے ملزم فیصل علی سے ملہی چوک کے قریب سے 1کلو 4 سو گرام ہیروئن برآمد ہونے پر مقدمہ درج کیا تھا۔ جوڈیشل افسران کے احکامات پر پولیس نے تینوں منشیات فروشوں کو ہتھکڑیاں لگا کر سزا بھگتنے کے لئے جیل بھجوا دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں