گجرات:ایم ڈی واسا کا نکاسی آب کے منصوبوں کا جائزہ
بولے ڈسپوزل سٹیشن پرڈائریکٹر انجینئرنگ کی جانب سے منصوبے پر بریفنگ
گجرات(سٹی رپورٹر، نامہ نگار )صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چودھری شافع حسین کی خصوصی ہدایات پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا گجرات کاشان حفیظ بٹ نے سٹی صدر مسلم لیگ (ق) علی ابرار جوڑاکے ہمراہ شہر میں جاری اہم سیوریج اور نکاسی آب کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بولے ڈسپوزل سٹیشن کی اپ گریڈیشن، لوراں کلورٹ کے تعمیراتی مراحل اور مدینہ سیداں و جمالپور کی جانب سے اندرون شہر کو اربن فلڈنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے ڈی سی بند کی بلندی کے جاری منصوبے کا معائنہ کیا دوران دورہ بولے ڈسپوزل سٹیشن پرڈائریکٹر انجینئرنگ شیخ عبدالواہاب نے جاری اپ گریڈیشن منصوبے ، مشینری کی استعداد، پمپنگ سسٹم اور تعمیراتی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا اپ گریڈیشن کی تکمیل کے بعد ڈسپوزل سٹیشن کی نکاسی آب کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے مون سون کے دوران بولے چوک اور ملحقہ آبادیوں میں بارشی پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی،بعدازاں لوراں کلورٹ کا دورہ کیا، جہاں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور منصوبے کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ انجینئرز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل سے بارشی پانی کی روانی مزید بہتر ہوگی، نکاسی آب کے نظام میں بہتری آئے گی اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔