جعلی حکمران قید عمران خان سے بھی خوفزدہ:عمر ڈار

جعلی حکمران قید عمران خان سے بھی خوفزدہ:عمر ڈار

مسلط کرپٹ ٹولے سے نجات تک حالات بہترنہیں ہو سکتے :رہنما تحریک انصاف

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ قائد عمران خان کو جیل میں رکھنے کے باوجود جعلی حکومت ان سے خوفزدہ ہے پی ٹی آئی کی قیادت کو پابند سلاسل کرکے عوام سے دور رکھنے کی کوششیں کرنے والوں کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے ۔ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے آئین کی بالا دستی و قانون کی حکمرانی ناگزیر ہے یہ وقت سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نہیں ملک میں جمہوریت کے فروغ اور حقیقی آزادی کی منزل کے حصول کا ہے جس کیلئے پی ٹی آئی مسلسل جدوجہد کررہی ہے جب تک کرپٹ نااہل ٹولے سے چھٹکارا حاصل کرکے حقیقی عوامی نمائندوں کو ملکی نظام و انصرام سونپا نہیں جاتا اس وقت تک حالات کی ابتری کا خاتمہ ممکن نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے سٹی سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد عمران خان محب وطن سیاست اور جذبہ عوامی خدمت سے سرشار ہر دلعزیز سیاسی لیڈر ہیں جنہوں نے قوم کو جمہوری شعور دیا اور پاکستان کے نوجوانوں کو سیاسی عمل میں متحرک کردار ادا کرنے کے بھرپور مواقع فراہم کئے جس سے پاکستان کے روشن مستقبل کی شمع روشن ہوئی او ر پاکستان کابین الاقوامی سطح پر وقار بلند ہوا۔مسلط حکمرانوں نے عوامی زندگی کو روگ او ر بھاری بوجھ بنادیا ہے ۔جعلی حکمرانوں کی کارکردگی صفر ہے ان کی ساری توجہ صرف اپنی نمود نمائش اور پی ٹی آئی کی کردار کشی پر مرکوز ہے پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور بانی چیئرمین عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں