پھالیہ :شہر سے گزرنے والی نہر میں 2مقامات پر شگاف
غزالی گرائونڈ جھیل کا منظر پیش کر نے لگی ،گلیاں اور بازار بھی زیر آب
پھالیہ (نامہ نگار )ساون کی پہلی طوفانی بارش نے پھالیہ شہر میں جل تھل ایک کر دیا۔ غزالی گراؤنڈ اور قبرستان محلہ عید گاہ کے قریب نہر میں دو مقامات پر شگاف پڑ گئے ، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نہر کے شگاف عارضی طور پر بند کر د ئیے تاہم شہری انتظامیہ سے مستقل حل کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث شہر کی متعدد گلیاں، بازار اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ۔شدید بارش کے باعث پھالیہ شہر سے گزرنے والی نہر میں غزالی گراؤنڈ اور قبرستان محلہ عید گاہ کے قریب دو مختلف مقامات پر شگاف پڑ گیا جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں پانی غزالی گراؤنڈ میں داخل ہو گیا اور گراؤنڈ جھیل کا منظر پیش کرنے لگا ،غزالی گراؤنڈ میں پانی جمع ہونے سے محلہ عید گاہ کے قبرستان کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا جس پر اہلِ علاقہ فوری طور پر متحرک ہو گئے ۔ عید گاہ قبرستان کمیٹی کے خزانچی ملک اصغر اور قاسم گور داسپوری نے نوجوانوں کے ہمراہ اپنی مدد آپ کے تحت کئی گھنٹوں کی مسلسل محنت کے بعد نہر کے دونوں شگاف عارضی طور پر بند کر د ئیے جس سے پانی آبادی کی جانب بڑھنے سے روک دیا گیا۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نہر کے کناروں کو مضبوط کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments