31اکتوبر کا جلسہ عظیم الشان اسلام آباد کیلئے تاریخی اعلان کرینگے : علی نواز اعوان

31اکتوبر کا جلسہ عظیم الشان اسلام آباد کیلئے تاریخی اعلان کرینگے : علی نواز اعوان

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اسلام آباد کو نئی پہچان دی ہے ،دو نہیں ایک اسلام آباد کے منشورپر مکمل عمل کیا ، شہر ہو یا دیہات ہم نے 3سال میں اسلام آباد کو بدل کر رکھ دیا ،معاون خصوصی برائے سی ڈی اے کااجلاس سے خطاب

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ انشااللہ 31اکتوبر کو کامیاب اور عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں اسلام آباد کے لیے تاریخی اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہارہ کہو جلسہ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اسلام آباد کو نئی پہچان دی ہے اور اپنے منشور دو نہیں ایک اسلام آباد پر پوری طرح عمل کیا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، راجہ خرم نواز اور میرے سمیت تینوں منتخب ارکان قومی اسمبلی نے شہری اور دیہی علاقوں میں تاریخی ترقیاتی کام کروائے ہیں ۔ رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 53 علی نواز اعوان نے کہا کہ شہر ہو یا دیہات ہم نے 3 سال میں اسلام آباد کو بدل کر رکھ دیا ہے ، وفاقی ملازمتوں میں اسلام آباد کے باسیوں کے لیے 50 فیصد کوٹہ ہو یا اقلیتی برادری کے لیے نکاح رجسٹریشن کا مسئلہ یا اسلام آباد کی پہلی فوڈ اتھارٹی کا قیام ہو یا وفاقی دارلحکومت کی پہلی خواتین یونیورسٹی ہم نے ہر شعبے میں قانون سازی کے لیے کوششیں کیں ۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ 31 اکتوبر کو بہارہ کہو جیلانی گراونڈ میں تاریخی جلسہ ہو گا جس سے وفاقی وزیر اسد عمر اور راجہ خرم نواز بھی خطاب کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں