وفاقی محتسب کو بنے 40سال مکمل ، ڈاک ٹکٹ بھی جاری

وفاقی محتسب کو بنے 40سال مکمل ، ڈاک ٹکٹ بھی جاری

اسلام آباد ( نامہ نگار ) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہاہے کہ عدالتیں ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں تاہم غریب ، مستحق افراد کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لئے وضع کردہ اختیار ات کے مطابق ریلیف د ے رہے ہیں۔

پچھلے برس محتسب سیکرٹریٹ کو وفاقی اداروں کے خلاف ایک لاکھ 64 ہزار 174 شکایات ملیں جو 2021ء کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہیں جبکہ ایک لاکھ 57 ہزار 770 شکایات کے فیصلے کئے گئے جو پچھلے سال سے 47.7 فیصد زیادہ ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارے کے چالیسویں یومِ تاسیس پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، وفاقی محتسب نے کہاکہ وفاقی محتسب کا ادارہ 24جنوری 1983ء کو قائم ہوا تھا اور 24 جنوری 2023ء کو اس ادارے کو قائم ہوئے 40سال پورے ہو گئے ہیں، اس موقع پر پاکستان پوسٹ نے وفاقی محتسب کی طرف سے عوام کو مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے کے 40سال کے کامیاب سفر پر 20روپے کا ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں