نیو ایئرنائٹ:ون ویلنگ روکنے کیلئے سپیڈ کیمرے نصب
راولپنڈی (خبر نگار) سال نو کی آمد پر شہریوں کے تحفظ، ہوائی فائرنگ، آتشبازی اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے موثر سکیورٹی پلان کے تحت پولیس کے 6600 سے زائد افسران ڈیوٹی انجام دیں گے ۔۔۔
800 سے زائد ٹریفک افسران کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے ، ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے تیز رفتاری، زگ زیگ ڈرائیونگ، کرتب دکھانے کی روک تھام کیلئے شہر کی اہم شاہراہوں پشاور روڈ، مال روڈ، جہلم روڈ، اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر جدید سپیڈ کیمرے نصب کر دیئے گئے، خصوصی اینٹی ون ویلنگ سکواڈ کی تشکیل سمیت شہر میں 32 خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں، ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کی روک تھام کیلئے تمام تھانوں میں اضافی پکٹس لگائی گئی ہیں۔ سی پی او راولپنڈی نے کہا ہوائی فائرنگ، آتشبازی اور ون ویلنگ پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ مسیحی برادری کی عبادات کے سلسلہ میں موثر سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔