یوتھ پروگرام، یو این ایف پی اے کا شراکتداری پر اتفاق
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یو این ایف پی اے کے درمیان شراکت داری باقاعدہ کرنے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔۔۔
جس سے نوجوانوں کی ترقی کے پروگرامز آگے بڑھانے ، صنفی مساوات کے فروغ اور نوجوانوں کے سماجی و اقتصادی چیلنجز کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے ۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کی مشترکہ کوششوں کیلئے یو این ایف پی اے کی ڈپٹی نمائندہ لتیکا پردھان سے ملاقات کی، نوجوانوں کے ترقی کے اشاریے ، یوتھ ہیلپ لائن کے قیام اور نیشنل یوتھ کونسل کی صلاحیت سازی کے پروگرامز پر بات چیت اور اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ یوتھ ہیلپ لائن کا قیام نوجوانوں کے مختلف مسائل بشمول دماغی صحت، تعلیم، روزگار اور تولیدی صحت کے معاملات حل کرنے کیلئے اہم قدم قرار دیا گیا۔ لتیکا پردھان نے اعادہ کیا کہ وہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مل کر شراکت داری نتیجہ خیز بنائیں گے۔