ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا پمز میں خراب مشینری پر اظہار تشویش
اسلام آباد(نیوز رپورٹر، اپنے رپورٹر سے)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے صدر پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل ڈاکٹر رضوان تاج اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر رانا عمران سکندر نے ملاقات کی۔۔۔
ای ڈی پمز نے ہسپتال کی کارکردگی، درپیش مسائل اور دستیاب طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا پورے پاکستان سے مریضوں کے دباؤ کے باعث طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ، انہوں نے ہسپتال میں خراب مشینری کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مریضوں کو اکثر باہر سے ٹیسٹ کروانے پڑتے ہیں جو اب کیلئے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ فنڈز کی فراہمی سے نئی مشینری کی خریداری کا عمل تیز کیا جائے، وارڈز کی حالت بہتر بنانے کیلئے انتظامی عملے اور ماہرین کو اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے غریب مریضوں کو لائنوں میں لگ کر خون کے نمونے جمع کرانے کا نظام تبدیل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ڈاکٹر رضوان تاج سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا دور دراز علاقوں میں قائم نئے ہسپتالوں کی معاونت، گائیڈ لائنز کی فراہمی اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پی ایم ڈی سی کے رجسٹریشن کا عمل بہتر بنانے کی ہدایت کی۔