قاتل نے 45لاکھ کی خاطر اپنے کزن کو مار ڈالا، نعش پگھلا دی
راولپنڈی (خبر نگار ) دس دن سے لاپتہ تاجر کی پراسرار گمشدگی کا معمہ حل ۔رقم کے لئے ظالم شخص نے خالہ زاد بھائی کو قتل کر کے نعش ٹکڑے ٹکڑے کرکے پگھلا دی۔ ہڈیاں اور باقیات جائے وقوعہ سے بر آمد کر لی گئی۔
واقعات کے مطابق راجہ بازار میں پرائز بانڈ کا کاروبار کرنے والا 35سالہ ڈیلر محسن اشرف اپنی دکان سے 27 دسمبر کو نکلا اور پھر اس کا رابطہ نہ ہو سکا ۔ لیاقت باغ کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس کی گاڑی آخری مرتبہ نظر آئی ۔ پولیس تھانہ سٹی نے مقدمہ درج کر لیا ۔ پولیس نے اپنے ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر ثمر زار کے ایک گھر پر چھاپہ مارا تو گھر کی چھت سے ہڈیاں مل گئیں ۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر تحویل میں لئے گئے مہر علی سے مزید تفتیش کی تو اس نے بتایا کہ مقتول کے پاس موجود 45لاکھ روپے نقدی چھیننے کے بعد اسے قتل کیا ۔ملزم نے مقتول کو45 لاکھ مالیت کے پرائز بانڈ فروخت کرنے کے لئے اپنے گھر ثمرزار کالونی اڈیالہ روڈبلایا تھا ۔ملزم نے قتل کے بعد لاش کو چربی پگھلانے والے کڑاہ میں پھینک کر جلایا۔ملزم مہر علی کو پولیس نے گرفتار کرلیا،ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم بھی کرلیا۔ملزم جانوروں کی باقیات پگھلا کر صابن بنانے والی فیکٹری کو چربی سپلائی کرتا ہے ۔