ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس ایریا میں اصطبل کا انکشاف گندگی پر دونوں کیفے ٹیریا سیل
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر،وقائع نگار)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس ایریا کا اچانک دورہ کیا، بدترین صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔۔۔
دونوں کیفے ٹیریاز سیل کر دیئے اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا، انہوں نے ڈپلومیٹک شٹل سروس ایریا میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کیفے ٹیریاز اور ویٹنگ ایریا میں گندگی کے ڈھیر لگے تھے، وہاں اصطبل قائم کئے جانے کا بھی انکشاف ہوا، شہریوں کو غیر معیاری اشیاء کی فروخت جاری تھی، دونوں کیفے ٹیریاز سے کھانے پینے کی اشیا کے نمونے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو بھجوا دیئے گئے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے شٹل سروس ایریا کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کرلیا اور کہا 3ہفتے میں ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس کو خوبصورت بنایا اور بہترین سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا محسن نقوی نے شہریوں کیلئے سہولتوں میں بہتری کی ہدایت کی ہے۔