کیسز بروقت ٹریس کرنے پر پولیس ٹیمز کیلئے 90 لاکھ انعام

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی ناصررضوی کی زیر صدارت آپریشنل کمانڈرز کی کمانڈ کانفرنس ہوئی، آپریشنل کمانڈرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی نے افسروں کو عوام دوست پولیسنگ کی ہدایت کی اور قتل کے تین بڑے کیسز حل کرنے پر پولیس ٹیموں کی کاکردگی کوسراہا، آئی جی نے ایک ٹیم کیلئے 50 لاکھ، دوسری ٹیم کیلئے 25 لاکھ اور تیسری ٹیم کیلئے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا، انہوں نے کہا پولیس افسروں کی استعداد کار مزید بڑھانے کیلئے ٹریننگ مزید بہتر بنائی جائے ، اسلام آباد پولیس پرعزم ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں لا اینڈ آرڈر اور سکیورٹی صورتحال کے دوران اپنے شہریوں کی جان اور ان کے مال کی حفاظت آخری حد تک کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کمانڈرز سخت محکمانہ احتساب کے ساتھ جوانوں کی ویلفیئر کا بھی خیال رکھیں۔