پاکستان میں برقی گاڑیوں کے فروغ کیلئے اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی میں الیکٹرک وہیکل بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس ہوا ۔۔۔
جس میں پاکستان میں برقی نقل و حرکت کی منتقلی کو تیز تر بنانے کیلئے حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرہ مورینی کی زیر صدارت ہوا جس میں چارجنگ انفراسٹرکچر کی توسیع، موٹرسائیکلوں کی ریٹروفٹنگ کو فروغ دینے اور مالیاتی اداروں کے ذریعے معاونت کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری MoCC&ECذوالفقار یونس، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار آصف سعید خان، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او خدا بخش علی، ڈی جی ماحولیات محمد آصف صاحبزادہ، ڈائریکٹر (اربن پلاننگ) MoCC&ECمحمد عظیم کھوسو اور معروف EVبنانے اور درآمد کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں دو، تین اور چار پہیوں والی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کو برقی بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔