ماڈل نرسری کو گارڈ ینیا حب میں تبدیل کرنا اہم قدم،چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے پارک روڈ پر قائم سی ڈی اے نرسری کا دورہ کیا۔
جہاں پر ان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری کو ’گارڈینیا حب‘ میں تبدیل کرنے کیلئے کام جاری ہے جس میں باکو کے آرکیٹکٹس اور ہارٹیکچر ماہرین خصوصی طور پر معاونت فراہم کررہے ہیں۔ ماڈل نرسری میں فلاور شاپس سمیت ٹریننگ و ریسرچ سینٹر کی سہولیات بھی شامل ہونگی، نرسری میں منفرد اور جدید طرز کے کنٹرولڈ وینٹی لیٹڈ گرین ہاؤسز تعمیر کئے جارہے ہیں، یہاں ٹشو کلچر سینٹر بھی قائم کیا جائے گا، ماڈل نرسری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ نرسری بنایا جا رہا ہے۔ یہاں کام کرنے والے تمام ملازمین کو خصوصی ٹریننگ فراہم کی جائے گی، چیئرمین نے منصوبہ پر سی ڈی اے ملازمین کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا سی ڈی اے ماڈل نر سری کو گارڈینیا حب میں تبدیل کرنا اہم قدم ہے، اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد اسلام آباد کو ہارٹیکلچر کے شعبے میں ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔
جدید اور خوبصورت فلاور شاپس کی تعمیر کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے، نرسری میں رنگ برنگے پھولوں کی نمائش کیلئے خصوصی جگہ مختص کی جائے، اس کے علاوہ ایک ایپ بھی بنائی جائے جس کے ذ ریعے شہری کیش لیس ڈیجیٹل آن لائن ادائیگی کرکے اپنی پسند کے پودے گھر بیٹھے خرید سکیں۔ نرسری کو ’گارڈینیا حب‘ کے طور پر تشکیل دینا اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور سرسبز و شاداب دارالحکومت بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ماڈل نرسری کو عالمی معیار کے مطابق ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل نرسری میں تبدیل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔