وزیر مملکت ثقافت کی چینی ہم منصب سے ملاقات،تعاون بڑھانے پر گفتگو
یہ اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر مملکت برائے ثقافت، سیاحت و ورثہ حذیفہ رحمان نے گزشتہ روز چین کے وزیر ثقافت و سیاحت گاؤجنگ سے چنگ ڈاؤ میں ملاقات کی جس میں ثقافت، سیاحت، عجائب گھروں اور تاریخی ورثے کے تحفظ و بحالی جیسے۔۔۔
کلیدی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ حذیفہ رحمان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے ساتھ طویل المدتی اور آزمودہ دوستی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی ہر قسم کے جغرافیائی، سیاسی اور وقتی تقاضوں سے ماورا، سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے ‘‘۔ دونوں وزرا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ثقافت اور سیاحت کو دوطرفہ تعاون کے نئے باب کے طور پر استعمال کیا جائے گا ۔چینی وزیر ثقافت و سیاحت نے حذیفہ رحمان کو رواں برس ستمبر میں چین میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی میوزیم کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی، جسے وفاقی وزیر مملکت نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔