مسابقتی کمیشن کی کاروباری گٹھ جوڑ،گمراہ کن مارکیٹنگ پر24انکوائریاں
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے مارکیٹ میں منصفانہ کاروباری سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے مالی سال 2024-25 میں قیمتوں میں اضافہ کے لئے کاروباری گٹھ جوڑ ، کارٹل بنانے ۔۔۔
مارکیٹ میں سپلائی پر کنٹرول ہونے کے غلط استعمال اور گمراہ کن تشہیر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ کمیشن نے اس سال 24 نئی انکوائریاں شروع کیں جن میں 11 کارٹل اور کاروباری گٹھ جوڑ اور 13 گمراہ کن مارکیٹنگ سے متعلق تھیں۔ کمیشن نے 14 انکوائریاں مکمل کیں اور جنہیں باقاعدہ قانونی کارروائی کے لیے بھجوا دیا گیا۔ مارکیٹ کے جن شعبوں میں انکوائریاں کی گئیں ان میں ای کامرس، ٹیلی کمیونیکیشن، ایوی ایشن، سٹیل، ٹرانسپورٹ، گھی و کوکنگ آئل، فارماسیوٹیکلز، تعمیرات، اجناس اور تعلیم شامل ہیں۔ کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ مارکیٹ میں گٹھ جوڑ کرنا یا کارٹل بنانا ، بڑی کمپنیوں کا اپنی پوزیشن کا غلط استعمال اور گمراہ کن تشہیر جیسے رویے صارفین کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں اور مارکیٹ میں منصفانہ مقابلہ کے ماحول کو خراب کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسابقتی کمیشن ان رویوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔