راولپنڈی : 86 بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی، 15 روز میں خالی کرنے کا نوٹس

راولپنڈی : 86 بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی، 15  روز میں خالی کرنے کا نوٹس

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے شہریوں کی سلامتی اور عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے بوسیدہ و خستہ حال عمارتوں کا سروے کرکے 86 ایسی عمارتوں کی نشاندہی کی ہے۔

موسمی حالات، متوقع بارشوں، ممکنہ سیلاب اور زلزلہ جیسے خطرات کے پیش نظر پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت ان 86 خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن نے مالکان و مکینوں کو نوٹس میں ہدایت کی کہ آئندہ 15 روز کے اندر ان عمارتوں کو خالی کریں، ان کی تعمیر نو یا انہیں مسمار کریں۔ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی ان اقدامات میں تکنیکی اور انتظامی تعاون کرے گی تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ چیف آفیسر عمران علی نے کہا کہ شہریوں کی جان اور مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ، کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ مزید برآں، نالہ لئی اور دیگر نالہ جات کے کناروں پر قائم تجاوزات کے مالکان کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر اپنی تجاوزات ختم کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تجاوزات کو زبردستی ہٹایا جائے گا۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اور دوسروں کے تحفظ کیلئے ہدایات پر فوری عملدرآمد کریں اور معلومات یا شکایات کیلئے میونسپل کارپوریشن سے رجوع کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں