کمرشل پلاٹس کی نیلامی 15تا17جولائی:نیلام عام میں حصہ لینے والوں کو تمام ممکنہ سہولیات دی جائیں:چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کمرشل پلاٹوں کی 15سے 17جولائی تک اوپن آکشن کے علاوہ شہر میں کھیلوں کے فروغ، ہوٹل انڈسٹری کی ترقی اور سیاحت سے متعلق موجودہ اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین نے ہدایت کی کہ نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف کیٹیگریز کے تقریباً 46 کمرشل پلاٹس اور بلیو ایریا میں پارکنگ پلازہ کی دکانیں نیلامی کیلئے پیش کی جارہی ہیں۔ دریں اثنا محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اور اجلاس منعقد ہواجس میں سینئر افسران نے شرکت کی۔ باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی ، حکام نے بتایا کہ سرینگر ہائی وے ، میلوڈی مارکیٹ اور سید پور ویلیج کی تزئین و آرائش سمیت سی ڈی اے ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ \\\'گارڈینیا حب\\\' کے منصوبے کے تحت نرسری کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نرسری کے ملازمین کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے ، شہر کی خوبصورتی کیلئے مقامی ماحول سے ہم آہنگ اور ماحول دوست پودوں اور درختوں کو ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور باکو کی ٹیمیں مل کر شہر کی خوبصورتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، سوشل ذمہ داری کے تحت کارپوریٹ سیکٹر اور معروف برانڈز کو بھی شہر کی خوبصورتی اور شجرکاری مہم میں شامل کیا جائے گا۔