وفاقی محتسب ٹیم کی کہوٹہ میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے

وفاقی محتسب ٹیم کی کہوٹہ میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی محتسب سیکر ٹریٹ کے ایڈ وائزر میجر جنرل (ر) ہارون سکندر پاشا اور کنسلٹنٹ خالد سیال نے گزشتہ روز کہوٹہ میں کھلی کچہری کے دوران وفاقی اداروں کے خلاف شکایات سنیں اور۔۔۔

 متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایات جاری کرکے گیس، بجلی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نادرا کے خلاف متعدد شکایات موقع پر ہی حل کروا دیں اور وفاقی اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ شکایت کنندگان نے بتایا کہ کہوٹہ شہر میں سڑکیں کھنڈر بن چکی ہیں، بجلی کے متعدد کھمبے گرے ہوئے ہیں، بجلی کے اہلکار رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔ زیادہ تر شکایات بجلی کے کنکشن، ٹرانسفارمر نہ لگانے، زائد بلوں، گیس کے کنکشن میں تاخیر، شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیر، بلاک ہونے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی امداد نہ ملنے سے متعلق تھیں۔ وفاقی محتسب کے افسران نے متعلقہ وفاقی اداروں کو شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے جبکہ صوبائی اداروں سے متعلق شکایات صوبائی محتسب اور ضلعی انتظامیہ کو بھجوا دی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں