سی ڈی اے بورڈ کا 13 واں اجلاس، سکیورٹی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ

سی ڈی اے بورڈ کا 13 واں اجلاس، سکیورٹی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا تیرہواں اجلاس ہوا۔

 جس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرنمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا نے شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے بذریعہ زوم لنک شرکت کی۔ سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں ہائیکورٹ کے فیصلہ کے روشنی میں پلاٹ نمبر 6، بلیو ایریا، سیکٹر جی ایٹ/ ایف ایٹ اسلام آباد کے پلاٹ کو مشروط طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان میں سی ڈی اے کی زیرالتوا اپیل کے حتمی فیصلہ تک الاٹمنٹ کرنے کی منظوری دی گئی، سی ڈی اے کے سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اسکی تنظیم نو کرنے کی منظوری دی گئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تنظیم نو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے نان گزٹیڈ ملازمین کی ترقی کیلئے مروجہ معیار میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ سی ڈی اے ہسپتال کے پراجیکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکٹرک بسز کے آپریشنز کو مزید بہتر بنا یا جائیگا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں