سید پور ، مارگلہ نیشنل پارک میں آ پریشن، درجنوں گھر مسمار
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)گاؤں سید پور اور مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن میں درجنوں گھر مسمار کر دئیے گئے۔۔۔
آپریشن میں 1.5ایکڑ اراضی واگزار کرکے محکمہ انوائرنمنٹ کے حوالے کر دی گئی جبکہ درجنوں گھروں کو خالی کراد یا گیا، ترجمان کے مطابق آپریشن چیئر مین سی ڈی اے کی ہدایت پر کیا گیا ۔ سی ڈی اے نے ہفتے کو گاؤں سید پور میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایک بڑے آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران متعدد غیر قانونی تعمیر شدہ گھر مسمار جبکہ درجنوں خالی کروا دئیے۔ ڈائریکٹر ڈی ایم اے ،ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ سی ڈی اے ڈاکٹر انعم فاطمہ اس آپریشن کی نگرانی کر رہی تھیں۔ مکینوں کو پہلے نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم عملدرآمد نہ ہونے پر کارروائی کی گئی ۔ ادھر مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں غیر قانونی بستی کے خلاف آپریشن کرکے 1.5 ایکڑ اراضی واگزارکروا لی گئی، نیشنل پارک کی حدود میں قائم 13 غیر قانونی مکانات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا اور واگزار کرائی گئی اراضی کو محکمہ انوائرنمنٹ کے حوالے کر دیا گیا۔