سیکرٹری سیاحت پنجاب کا دورہ مری، ٹورازم کے فروغ کا جائزہ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری سیاحت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے مری کا تفصیلی دورہ کیا اور سیاحت کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ بھوربن، شوالہ، مسیاڑی و دیگر مقامات کا دورہ کیا، معروف ہوٹلز کے مالکان سے ملاقات کی اور پرائیویٹ اور پبلک سیکٹرز کے تعاون سے سیاحتی ترقی اور اسکے دوررس نتائج سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ حکومت پنجاب مری میں منظم اور معیاری سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اور جدید سیاحتی منصوبے شروع کرنے جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مری میں سیاحوں کی سہولت، ٹریفک کے انتظامات اور ذمہ دارانہ سیاحت کا نظام متعارف کروایا جائیگا۔ حکومت پنجاب سیاحت کے فروغ کیلئے سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔