جامعہ قائداعظم:سمر سیشن، ہاسٹل سے انخلا کیخلاف درخواست خارج

جامعہ قائداعظم:سمر سیشن، ہاسٹل سے انخلا کیخلاف درخواست خارج

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے، خصوصی رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائداعظم یونیورسٹی کی جانب سے سمر سیشن ختم کرنے اور طلبا سے ہاسٹل خالی کرانے کے خلاف طلبا کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔

جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالت سے جاری محفوظ فیصلہ میں کہا گیا کہ قائداعظم یونیورسٹی ایکٹ 1973کے مطابق بااختیار ادارہ ہے، سینڈیکیٹ نے قرارداد کے تحت فیصلہ کیا، یونیورسٹیاں خودمختار ادارے ہوتی ہیں اس لیے ان کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ا پنی تادیبی، انتظامی اور تعلیمی پالیسیوں کو مرتب کریں، سمر سیشن اور ہاسٹلز یونیورسٹی کے اندورنی اور انتظامی معاملات ہیں، درخواست گزاروں کی جانب سے کسی بنیادی حق یا قانونی شق کی خلاف ورزی ظاہر نہیں کی گئی جس کی بنیاد پر یہ عدالت آئین کے آرٹیکل 199کے تحت اپنے آئینی اختیار کو استعمال کرتے ہوئے مداخلت کرے۔ دریں اثنا قائداعظم یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے مالی بحران، نظم و ضبط اور خود مختاری کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے، عہدیداروں کا کہنا ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی 2023سے شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ رواں سال یونیورسٹی نے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بینک الفلاح سے 20کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا تھا جو اب تک ادا نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا اے ایس اے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں