پمز برن سینٹر تنازع، تحقیقاتی کمیٹی نے انکوائری شروع کر دی
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پمز ہسپتال کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پمز برن سینٹر کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صائق اور میڈیکل افسر ڈاکٹر سومیت کے مابین تنازع کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر رضوان تاج کی صدارت میں منعقد ہوا، کمیٹی نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صائق اور ڈاکٹر سومیت کے بیانات لیے اور آئندہ ہفتے برن سینٹر کے ملازمین کو بھی گواہی کیلئے طلب کرنے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صائق نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر رضوان تاج نے سابق ڈائریکٹر برن سینٹر ڈاکٹر طارق اقبال پر مختلف نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں، کمیٹی چیئرمین نے ذاتی نوعیت کے سوالات کیے جن کا ان کے پاس حق نہیں تھا۔ ڈاکٹر صائق نے کہا کہ عدالت میں کیس دائر کرنے کے بعد میرے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے اور مجھ پر مقدمہ واپس لینے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔