راول انٹرچینج خوبصورت سول ڈیفنس مزید فعال تربیتی مراکز اپ گریڈ کیے جائیں : چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے کی جانب سے راول چوک انٹرچینج کی بیو ٹیفکیشن میں تمام صوبوں سمیت اسلام آباد اور اکائیوں کی ثقافتی نمائندگی، جدید لائٹس کی تنصیب، مرکزی شاہراہوں پر موجود پیڈسٹرین بریجز کی اوور ہالنگ، مینٹی نینس، لائٹس اور ایس ایم ڈیز کی تنصیب اور پارک روڈ پر نئے پیڈسٹرین بریجز کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کی اپلفٹنگ اور بیوٹیفکیشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ راول چوک انٹرچینج کے ڈیزائن میں تمام صوبوں سمیت اسلام آباد اور اکائیوں کی ثقافتی نمائندگی شامل ہونی چاہئے۔ دیدہ زیب اور جدید ایس ایم ڈی لائٹس نصب کی جائیں، تمام بڑے راؤنڈا باؤٹس کی تزئین و آرائش اور اربن فاریسٹ کے منصوبوں کو مکمل، مرکزی شاہراہوں کی کراسنگ پر پیلکن کراسنگ و سگنلنگ کا نظام نصب کیا جائے، اسلام آبادکے ہر سیکٹر میں پارکس کی مکمل اپ گریڈیشن کی جائے اور اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ہفتے کو ایک اور اجلاس ہوا جس میں سول ڈیفنس کی مجموعی کارکردگی خصوصاً سول ڈیفنس، اسلام آباد میں قائم نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فائر ٹیکنالوجی، صوبائی دارالحکومتوں اور دیگر شہروں میں قائم ٹریننگ انسٹیٹیوٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شہری تحفظ، ایمرجنسی رسپانس، آگ بجھانے کی تربیت، بم ڈسپوزل اقدامات اور رضاکاروں کی ٹریننگ کو مزید مؤثر بنانے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سول ڈیفنس کے تربیتی مراکز کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے اور تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر آگ سے بچاؤ اور ابتدائی طبی امداد کی ورکشاپس کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے رضاکاروں کی خدمات کی تعریف کی اور سول ڈیفنس کے محکمہ کو مزید فعال بنانے ، وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں کی کراسنگ پر پیلکن کراسنگ وسگنلنگ کا نظام نصب کیا جائے۔ اسلام آباد کو ماحول دوست شہر، سیاحتی اور تفریحی مرکز بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔