خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مختلف اداروں سے معاہدے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)ورکنگ ویمن کے قومی دن کے موقع پر وزارتِ انسانی حقوق نے مرکز برائے ترقی خواتین جی سیون ون کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبدالخالق شیخ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی اور روزن، اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان شراکت داری کو باضابطہ شکل دی گئی۔ مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے باہمی تعاون کے تحت ہنرمندی، کاروباری مواقع، استعداد کار میں اضافہ، نفسیاتی معاونت، آگاہی اور سماجی و معاشی بہتری کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔