نیب اکیڈمی، منی لانڈرنگ، اوپن سورس انٹیلی جنس پر تربیتی کورس

نیب اکیڈمی، منی لانڈرنگ، اوپن سورس انٹیلی جنس پر تربیتی کورس

کرپشن کیسز ڈیجیٹل پلیٹ فارمز،عالمی نیٹ ورکس کی وجہ سے پیچیدہ، غلام صفدر

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی نے اسلام آباد میں منی لانڈرنگ اور نیب کیسز میں اوپن سورس انٹیلی جنس (OSINT)کا استعمال کے عنوان سے دو روزہ خصوصی تربیتی کورس کا کامیاب انعقاد کیا۔ کورس کا مقصد مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تفتیشی طریقہ کار کو جدید بنانا تھا تاکہ افسران عوامی سطح پر دستیاب ڈیٹا کو استعمال کر کے مالیاتی جرائم کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔ اس تربیت میں نیب کے افسران، پراسیکیوٹرز اور دیگر اداروں کے اہلکاروں شریک تھے ۔افتتاحی سیشن کی صدارت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل (PACA)سید غلام صفدر شاہ نے کہا کہ یہ تربیت چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق ہے تاکہ تفتیشی نظام کو جدید بنایا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کیسز ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور عالمی نیٹ ورکس کی وجہ سے پیچیدہ ہو گئے ہیں، اس لیے روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ ڈیٹا پر مبنی معلومات کا استعمال بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے شرکاء کو مالیاتی لین دین کا کھوج لگانے اور چھپے ہوئے روابط کو بے نقاب کرنے کی عملی مہارتیں سیکھنے پر زور دیا تاکہ احتساب کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔ تربیتی سیشنز کے دوران ماہرین نے شرکاء کو عملی مشقیں کروائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں