لاکھوں بچے تعلیم، صحت سہولیات سے محروم،ڈپٹی سپیکر
ہر بچے کو سکول میں داخلہ، تشدد اور استحصال سے تحفظ ملنا چاہئے،یونیسف وفد سے گفتگو
اسلام آباد (نامہ نگار) اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کے ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ سے ملاقات کی، جس میں بچوں کے حقوق، تعلیم، صحت اور تحفظ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال کی چیئرپرسن نگہت شکیل بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی فلاح و بہبود قومی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس سلسلے میں پارلیمان کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے پاکستان میں بچوں کو درپیش اہم چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب بھی لاکھوں بچے معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور مناسب غذائیت سے محروم ہیں۔ انہوں نے اس امر کی اہمیت پر زور دیا کہ ہر بچے کو سکول میں داخلہ، تشدد اور استحصال سے تحفظ اور بہتر صحت و غذائیت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا، تاہم مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔