آن لائن بلیک میلنگ، خاتون کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم گرفتار
این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ملزم کو اسلام آباد سے گرفتارکیا،پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
راولپنڈی (این این آئی) نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے آن لائن بلیک میلنگ اور خاتون کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔حکام کے مطابق این سی سی آئی اے راولپنڈی کے سب انسپکٹر امجد بلال کی ٹیم نے ساہیوال سے تعلق رکھنے والے مشتبہ شہری عمیر ادریس کو چھاپہ مار کر اسلام آباد سے گرفتار کیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے جعلی انسٹاگرام آئی ڈی کے ذریعے جعلی نازیبا ویڈیوز تیار کرکے خاتون کو بلیک میل کیا، ویڈیوز کی بنیاد پر متاثرہ خاتون کو دھمکیاں دے کر ہراساں کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال بھی کرتا رہا ہے ۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے ملزم سے 2موبائل فون بھی برآمد کر کے ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔