کمشنر کا زیر تعمیر چلڈرن ہسپتال کا دورہ ،ترقیاتی کام کا جائزہ
مرکزی ڈھانچے کی تعمیر مکمل ہو چکی، 31دسمبر تک تکمیل ہو جائیگی، حکام کی بریفنگ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کا اصغر مال روڈ پر زیر تعمیر چلڈرن ہسپتال کا دورہ۔ متعلقہ محکموں کے افسران، تعمیراتی اداروں کے نمائندگان، محکمہ صحت، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، جاری تعمیراتی سرگرمیوں، منصوبے کی مجموعی پیش رفت، معیار تعمیر اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی مجموعی پیش رفت 25فیصد مکمل ہو چکی ہے جبکہ ہسپتال کے مرکزی ڈھانچے کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ۔ اس وقت عمارت میں الٹریشن ورک، ماربل فلورنگ، کھڑکیوں، گرلز اور دروازوں کی تنصیب، پلمبنگ اور اینٹوں کے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ منصوبے کو 31دسمبر 2026تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔کمشنر نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال راولپنڈی خطے کا ایک نہایت اہم منصوبہ ہے کیونکہ راولپنڈی اور گردونواح میں بچوں کیلئے اس نوعیت کا کوئی خصوصی سرکاری ہسپتال موجود نہیں۔ اس ہسپتال کے فعال ہونے سے ہزاروں بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر آئیں گی اور والدین کو دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ ہسپتال میں مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کیلئے تمام بنیادی اور جدید سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments