ہفتہ وار بازاروں کی بند ش ،سٹال ہولڈرز ،خریدار پریشان

ہفتہ وار بازاروں کی بند ش ،سٹال ہولڈرز ،خریدار پریشان

ایم سی آئی ڈائر یکٹر کا انتظامات کے باوجود این او سی نہ دینے پر سی ڈی اے کو خط

اسلام آباد(ماہتاب بشیر )وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرز ایچ نائن اور جی سکس میں سستے بازار وں کی بندش سے سٹال ہو لڈرز اور خریدار مسلسل مشکلات و اذیت کا شکار ہیں ، سی ڈی اے و ایم سی سی آئی نے بازاروں کو بیس روز قبل بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، ایم سی آئی ڈائر یکٹر نے حفاظتی اقدامات مکمل کئے جانے کے باوجود بازار بند رکھنے اور این او سی کے اجرا نہ کرنے پر سی ڈی اے کو مراسلہ لکھ دیا۔ اسلام آباد کے سیکٹرز ایچ نائن اور جی سکس میں ہفتہ وار بازار 16 اکتوبر سے بند ہیں، جبکہ آگ سے بچا ئوکے حفاظتی انتظامات سے متعلق کلیئرنس اور این او سی جاری نہ ہونے کے باعث بازاروں کی بندش برقرار ہے ۔ ایم سی آئی نے معاملے پر سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے کو دوبارہ خط لکھ کر این او سی جاری نہ کرنے کی وجوہات طلب کر لی ہیں۔ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے ) کی جانب سے 6 نومبر کو جاری کیے گئے ریمائنڈر کے مطابق ایچ نائن اور جی سکس کے ہفتہ وار بازاروں کی بندش کی وجہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کی جانب سے فائر پریونشن کلیئرنس کا زیر التوا ہونا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے بھی 15 اور 19 اکتوبر کو مراسلے ارسال کیے گئے تھے ، تاہم تاحال متعلقہ دفتر کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ خط پر ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر طارق لطیف کے دستخط ہیں، اس کی نقول ایم سی آئی کے چیف آفیسر اور چیئرمین سی ڈی اے کے پرسنل سٹاف سمیت متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...