بجلی بلز، ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کیو آر کوڈ کے ذریعے ہوسکے گی
شفافیت اور صارفین کو بروقت، فوری اور جدید سہولیات میسر ہونگی، چودھری خالد
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) حکومت اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پر پاکستان کے پاور سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت اور صارفین کو بروقت، فوری اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے احکامات کی روشنی میں آئیسکو کے معزز صارفین بجلی بلوں اور تما م قسم کے ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی بلوں اور ڈیمانڈ نوٹس پر پرنٹ شدہ کیو آر کوڈکے ذریعے کر سکتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر چودھری خالد محمود نے کہا ہے کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کا نظام صارفین کیلئے نہ صرف آسان اور تیز رفتار ہوگا بلکہ اس سے بجلی بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز کے عمل میں شفافیت، درستگی اور سہولت کو بھی فروغ ملے گا۔ اس سہولت سے مستفید ہونے کیلئے آئیسکو کے معزز صارفین بینکنگ اپیلی کیشنز/موبائل والٹ کھولیں، بجلی کے بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر پرنٹ کیو آر کو سکین کریں، رقم کی تصدیق کے بعد بل کی ادائیگی کریں۔ صارفین کیلئے یہ سہولت24گھنٹے اور ساتوں دن دستیاب ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments