ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا مختلف علاقوں کا دورہ، منصوبوں کا جائزہ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے۔۔۔
کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جس میں راجہ بازار سمیت شہر کے اہم مقامات پر جاری بیوٹیفکیشن اور تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ بھی شامل تھا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار، معیار اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی اور موقع پر موجود عملے کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے راجہ بازار کی بیوٹیفکیشن اور شہر کے دیگر اہم تجارتی و عوامی مقامات کی بہتری کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تاریخی اور تجارتی اہمیت کے حامل راجہ بازار کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی، پیدل چلنے والوں کیلئے بہتر سہولیات اور شہری ماحول کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ترقیاتی کاموں کے دوران عوام اور تاجروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سڑکوں، فٹ پاتھوں، گرین بیلٹس، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری کیلئے مربوط انداز میں کام کیا جائے۔ جہاں ترقیاتی کام جاری ہیں وہاں تعمیراتی معیار اور مقررہ مدت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments