فاطمہ جناح یونیورسٹی کا نووکیشن ،1,439 طالبات کو ڈگریاں تفویض
تعلیمی فروغ میں فاطمہ جنا ح یونیورسٹی کا کردار قابل ستائش ،احسن اقبال کا تقریب سے خطاب
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی تئیسویں کانووکیشن کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران مجموعی طور پر 1,439 طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جن میں 1,230 بیچلرز، 179 ایم ایس/ایم فل اور 30 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں شامل ہیں۔ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں 41 گولڈ میڈل اور 27 سلور میڈلز بھی تقسیم کیے گئے ۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر ارشد بھٹی، وائس چانسلر ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان، رجسٹرار بحریہ یونیورسٹی اور ڈاکٹر رافعہ ممتاز، وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی مری سمیت جامعات کے سینئر عہدیداران، فیکلٹی ممبران، فارغ التحصیل طالبات اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی 1998ء میں اُس نواز شریف کی ہدایات پر تاریخی اولڈ پریزیڈنسی کی عمارت کو پاکستان کی پہلی سرکاری خواتین یونیورسٹی میں تبدیل کیا گیا۔ غربت کے خاتمے اور قومی ترقی کے حصول کے لیے تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے ۔ فارغ التحصیل طالبات کو ‘‘جنریشن 2047’’ قرار دیتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل پاکستان کی آزادی کے صد سالہ جشن تک ملک کو ترقی و خوشحالی کی نئی منزلوں پر لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ محترمہ فاطمہ جناح کی جدوجہد اور کردار کو مشعلِ راہ بنائیں، نفرتوں سے بالاتر ہو کر آگے بڑھیں، مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجیز کو اپنائیں اور معاشرے کی مثبت تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے طالبات کی کامیابیوں میں والدین اور اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ نے اپنے خطاب میں فارغ التحصیل طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم کو دیانت داری، حوصلے اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ بروئے کار لائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments