یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منانے کیلئے خصوصی تیاریاں مکمل اندرون سندھ ریلیاں اور تقاریب
خیرپور،حیدرآباد،لاڑکانہ،نوڈیرو،جھڈو،کنری،محراب پور،کھڈرو،سامارو،عمرکوٹ،بھریا روڈ،رانی پور،دھابیجی ،کھپرو،جیکب آباد،سانگھڑ،میرواہ گورچانی اورٹنڈوغلام علی میں قومی پرچموں کی بہارپڈعیدن میں نوجوانوں نے 1500 فٹ طویل قومی پرچم تیار کرلیا،مختلف اسکولوں میں کیک کاٹنے کی تقاریب،طلبا نے ٹیبلوز پیش کیے ،سکھر میں موٹروے پولیس کی جانب سے تحائف تقسیم
خیرپور،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا )جشن آزادی کی تیاریاں اندرون سندھ پورے جوش و خروش سے جاری ہیں،اس سلسلے میں مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں جشن آزادی کے پروگراموں کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ خیرپو رمیں ایک سو سے زائد سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں نے 14اگست کو جشن آزادی منانے کے لیے شاندار پروگرام بنا لیے ہیں جبکہ شہر میں قومی پرچموں کی فروخت کے 50سے زائد اسٹال لگائے گئے جن پر قومی پرچم خریدنے والوں کا صبح سے رات گئے تک بڑا رش لگارہا ۔ کئی تنظیموں نے 14اگست کو ممتاز گرائونڈ ،ہاکی گرائونڈ،ملز کالونی گرائونڈ اور شہر کے دیگر میدانوں میں کھیلوں کے پروگرام بنا ئے ہیں جبکہ سرکاری سطح پر نازپائلٹ سیکنڈری اسکول کے گرائونڈ پر قومی پرچم لہرانے اور جشن آزادی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سکھر شہر اور آس پاس کے علاقوں میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شاہی بازار ،صرافہ بازار ،نیم کی چاڑی،فرئیر روڈ ،میانی روڈ،ڈھک روڈ،نشتر روڈ،اسٹیشن روڈ اور شہید گنج سمیت تجارتی ورہائشی علاقوں میں قومی پرچموں کی بہار ہے اور شہر ملی نغموں سے گونج رہا ہے ۔ اسکولوں میں طلبہ و طالبات نے جشن آزادی کے موقع پر ملی نغموں پر ٹیبلوز پیش کرنے کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں جبکہ غریب آباد ، گھنٹہ گھر ، پان منڈی، نیم کی چاڑی ، پرانا سکھر اور نیو پنڈسمیت دیگر علاقوں میں جشن آزادی کے سامان کی فروخت کیلئے لگائے جانے والے اسٹالوں پر بچے اور بڑے خریداری میں مصروف رہے ۔ آئی جی موٹر وے محمد عامر ذوالفقار خان اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایات پر پورے ملک کی طرح سیکٹر سکھر میں ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی نیشنل ہائی وے پریوم آزادی کے سلسلے میں تقریبات کے انعقاد کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں روہڑی ٹول پلازہ پر سوئٹ ہوم سکھر کے بچوں کے ساتھ ایس ایس پی غلام سرور بھیو اور موٹر وے پولیس کے دیگر اہلکاروں نے آنے جانے والی گاڑیوں کے مسافروں میں یوم آزادی کی خوشی میں پاکستانی جھنڈے ، بیجز اور گفٹ پیک تقسیم کیے اور روڈ سیفٹی کے بارے میں مسافروں کو آگاہی بھی دی ۔ تقریب میں سوئٹ ہوم سکھر کے بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ حیدرآباد میں بھی یوم آزادی بھرپور قومی جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا جائیگا جبکہ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایچ ڈی اے سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈویژنل کمشنر حیدرآباد عبد الوحید شیخ اور اعزازی مہمان ڈی آئی جی حیدرآباد سلطان علی خواجہ صبح 9بجے پرچم کشائی کرینگے جبکہ اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا جائیگا اس کے بعد پولیس کا مارچ پاسٹ ہوگا جبکہ طالبعلم ملی نغمے اور پاکستان کے مختلف صوبوں کی ثقافت کو ٹیبلوز کے ذریعے اجاگر کریں گے ۔تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈز دیے جائیں گے ۔ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد نے بھی جشن آزادی کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ہے ۔ بلدیہ کی مرکزی عمارت سمیت لطیف آباد کی ذیلی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا اور انہیں سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیوں سے آراستہ کیا جائے گا۔ 14اگست کی صبح میئر حیدرآباد سید طیب حسین مرکزی عمارت میں سبزہلالی پرچم لہرائیں گے اور اجتماعی قومی ترانہ بجایا جائے گا جبکہ اس موقع پر شہریوں میں مٹھائی اور اسپتالوں کے مریضوں میں پھل تقسیم کیے جائیں گے ۔ اتحاد پاکستان پارٹی کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے قاسم آباد کے ہیپی ہوم سے موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں پر مشتمل جشن آزادی ریلی نکالی گئی۔ کمشنر لاڑکانہ نوید شیخ نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 71واں یوم آزادی لاڑکانہ ڈویژن میں بڑے جوش وجذبے سے منایا جائے گا ۔ 14 اگست کو مرکزی تقریب شہید محترمہ بینظیر بھٹو میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی ۔سرکاری دفاتر اور رہائش گاہوں پر پاکستانی جھنڈے لگائے جائیں گے اور اسکولوں میں ملی نغموں، نعت اور تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے جبکہ شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا ۔ سنی تحریک کی جانب سے محبت پاکستان ریلی مولانا علی نواز قاسمی کی قیادت میں درگاہ قائم علی شاہ بخاری سے نکالی گئی ۔ریلی کے شرکا نے پاک فوج اور پاکستان کی حمایت میں نعرے بازی کرتے ہوئے پورے شہر کا گشت کیا۔ جماعت اسلامی لاڑکانہ کی جانب سے 14اگست کے سلسلے میں جناح باغ چوک پر کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 30پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا جبکہ منگل کو ایک بڑی موٹر سائیکل ریلی کاشف سعید شیخ ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی صوبہ سندھ کی قیادت میں دفتر سے نکالی جائے گی ۔ نوڈیرو میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں زور وشورسے جاری ہیں ۔ جھڈو میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور گھروں ودکانوں پر قومی پرچم لہرائے جا رہے ہیں جبکہ موٹر سائیکلیں چلانے والے نوجوانوں کی اکثریت نے اپنی موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم لگا رکھے ہیں ۔ شہر کے گلی محلوں کو جھنڈیوں ،جھنڈوں اور بینرزسے سجایا جارہا ہے ۔ شہر میں جگہ جگہ ایکو ساؤنڈ پر ملی نغمے بجائے جا رہے ہیں ۔ گزشتہ رات قائم خانی ہال وارڈ نمبر 3 سے محمد حسیب قائم خانی ، زبیر قائم خانی اورذیشان قائم خانی کی قیادت میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی ۔جشن آزادی کے موقع پر جھڈو میں اللہ توکل ویلفیئر کے صدر محمد رمضان جٹ کی جانب سے 40میٹر طویل قومی پرچم تیار کیا گیا ہے جو 14اگست کی رات جامع مسجد چوک پر آویزاں کیا جائے گا۔یوم آزادی کی مرکزی تقریب ٹاؤن کمیٹی جھڈو میں منعقد کی جائے گی ۔ٹاؤن کمیٹی کی جانب سے شہر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور مدارس کے 14ہزار بچوں میں 40من مٹھائی تقسیم کی جائے گی ۔ کنری میں جشن آزادی بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منانے کے حوالے سے پروگراموں کو آخری شکل دینے کیلئے ایک اجلاس ٹائون کمیٹی آفس میں سٹی چیئرمین حاجی شکیل احمد کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وائس چیئرمین غلام حسین درس، کونسلرز،تاجران،مختلف محکموں کے افسران ،اساتذہ اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یوم آزادی کی تقریب کا آغاز ٹائون کمیٹی کی عمارت پر قومی پرچم لہرا کر کیا جائے گا ۔بعد ازاں ایک بڑا جلوس نکالا جائے گا جس میں تمام نجی و سرکاری اسکولوں کے طلبہ اور شہری شریک ہونگے ۔کنری کے شاہ لطیف پبلک اسکول میں جشن آزادی کے حوالے سے ایک تقریب منعقدہوئی تقریب کے مہمان خصوصی معروف سیاسی وسماجی رہنما حاجی نثار احمد آرائیں تھے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے اسکول کے پرنسپل قاضی محمد ساون،کونسلر حاجی عرفان سلیم،کاروباری شخصیت محمد افضل آرائیں اور اسکول کے طلبا کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا ۔تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی ترقی خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔محراب پور سے نمائندے کے مطابق جشن آزادی کے سلسلے میں انٹیلی جنس کمیٹی نوشہروفیروز کا اجلاس ڈپٹی کمشنر انور علی شر کی زیر صدارت منعقد ہوا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منایا جائے گا ،انہوں نے اداروں سے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کیساتھ صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اورشر پسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ کھڈرو میں جشن آزادی شان وشوکت سے منانے کے سلسلے میں طلبہ و طالبات اور نوجوانوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے ،انجمن طلبائے اسلام کی طرف سے موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جبکہ سرکاری و نجی اسکولوں کی طرف سے پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ سامارومیں جشن آزادی جوش و جذبے سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں ۔گلی محلوں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہارآئی ہوئی ہے اور شہر ہری جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ طاہر حسین سانگی نے دربار ہال میں جشن آزادی کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایات دیں کہ اپنے اپنے تعلقوں میں 14 اگست کو پرچم کشائی کریںاور اس دن کی مناسبت سے پروگرام منعقد کروائیں ، عمرکوٹ کے تاریخی قلعے کے ٹاور پر بھی پرچم لگایا جائے اور یوم آزادی کی بڑی تقریب عمرکوٹ ڈگری کالج میں منعقد کی جائے ، انہوں نے اجلاس میں موجود محکمہ فاریسٹ کے نمائندے کو ہدایات دیں کہ تمام محکموں کوضرورت کے مطابق پودے مہیا کئے جائیں ۔ بھریا روڈ میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ اس سلسلے میں بھریاروڈ کے مختلف بازاروں میں قومی پرچم، جھنڈیوں اور بیجز سمیت نت نئے ڈیزائن کی اشیا کی فروخت کیلئے اسٹال سجا دیے گئے ہیں۔ رانی پور سے نمائندے کے مطابق مظہر مسلم ماڈل اسکول کالج کے پرنسپل پروفیسر سرور میمن نے بتایا ہے کہ جشن آزادی پر سندھ سرسبز پاکستان سرسبز پروگرام کے تحت رانی پور شہر میں مختلف مقامات پر پانچ ہزار پودے لگا کر شجر کاری کی مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔دھابیجی سے نمائندے کے مطابق مقامی تاجروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے 14 اگست کو میراتھن ریس و سلام پاکستان ریلی نکالی جائے گی جس میں پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعام میں موٹر سائیکل، دس ہزار اور پانچ ہزار روپے دیے جائینگے ۔ ٹائون کے پچاس نوجوان میراتھن ریس میں حصہ لیں گے ۔ انعامات مقامی ایم پی اے جام اویس گہرام جوکھیو کے ہاتھوں دیے جائینگے ۔ پڈعیدن میں بھی جشن آزادی بھرپورطریقے سے منانے کے لیے پاکستان پیپلز گروپ کے نوجوانوں نے جشن آزادی کے سلسلے میں نصرت کینال پل سے پڈعیدن ٹائون تک ریلی نکالی۔ ریلی میں نوجوانوں نے 1500فٹ طویل قومی پرچم اٹھا رکھا تھا اورریلی کے شرکا پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے ۔گروپ کے چیف آرگنائزر پرویز خاصخیلی، عبدالحفیظ کھوکھر اور عرفان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہم یہ 1500 فٹ طویل قومی پرچم 14 اگست کے روز سکھر میں دریا کے پل پر لگائیں گے ۔ہم یہ طویل قومی پرچم لگا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ کھپرو میں تحریک انصاف منارٹی ونگ کی جانب سے کھپرو لاہوتی شاپ پر تحریک انصاف منارٹی ونگ کے ضلعی نائب صدر بھگوان داس لاہوتی سینئر نائب صدر تیرت کمار میگھواڑ اور تعلقہ صدر رمیش کمار میگھواڑ کی قیادت میں جشن آزادی کی خوشی کے موقع پر کیک کاٹا گیا ۔بعد میں جشن آزادی کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔جیکب آباد میں یوم آزادی کے سلسلے میں سٹیزن پبلک اسکول میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شا مل طلبہ وطالبات نے قومی گیتوں پر رقص کیا اور ٹیبلوز پیش کر کے خوب داد وصول کی۔ اس مو قع پرطلبا میں اسکول انتظا میہ نے انعا مات تقسیم کئے ۔سانگھڑ سے نمائندے کے مطابق چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل نبی بخش رند کی جانب سے 14اگست کے حوالے سے پاکستانی بیج لگانے کی تقریب ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سال 14اگست کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران کی جانب سے ڈسٹرکٹ کونسل کے احاطے میں درجنوں درخت لگائے جائیں گے اور ڈسٹرکٹ کونسل سانگھڑ کی جانب سے سانگھڑ کے عوام کو ہم نیابجٹ اور40کروڑ روپے کانیا ترقیاتی پیکیج بھی دیں گے ۔میرواہ گورچانی سے نمائندے کے مطابق نایاب پبلک اسکول اور گورنمنٹ ہائی اسکول میں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں نے جشن آزادی کی مناسبت سے ٹیبلو پیش کیے اور تقاریر کیں ۔ٹنڈوغلام علی میں جشن آزادی کے حوالے سے بیوپاری یونین کے صدر کی جانب سے شہر میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت بیوپاری یونین کے صدر ذوالفقار قائم خانی نے کی۔ ریلی میں شہر کے معززین اورشہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ڈیرہ مرادجمالی سے نمائندے کے مطابق سندھ کی طرف سے نصیرآباد ضلع کی حدود میں داخل ہوتے ہی ٹول پلازہ کوخوبصورت انداز سے سجایا گیا ہے ۔ایف سی بلوچستان 72ونگ کے زیر اہتمام شہید کیپٹن سعید پبلک اسکول میں رنگارنگ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں آزادی کی 71ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔تقریب میں اسکولوں کے طلبہ وطالبات نے یوم آزادی کے موضوع پر تقاریر کیں ،قومی ترانہ پڑھا اور ملی نغمے پیش کئے ۔تقریب کے آخر میں پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔علاوہ ازیں چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی میر غلام نبی عمرانی کی قیادت میں قومی شاہراہ پرمرسلین ہائوس سے ایک ریلی نکالی گئی، سیکڑوں موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر مشتمل ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مرسلین ہائوس پر اختتام پزیر ہوئی ۔