سومار گوٹھ میں غیر قانونی تعمیرات مسمار،مکینوںکااحتجاج،3گرفتار
محکمہ ریونیو نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائی میں2سو ایکڑ سے زائد اراضی واگزار کرالی آپریشن کیخلاف مکین گھروں سے نکل آئے ،ٹائر جلا کرسڑکیں بلاک کردیں، نوٹس کا مطالبہ
کراچی(رپورٹ:آغا طارق)ملیر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، محکمہ ریونیو کی سربراہی میں اینٹی انکروچمنٹ سیل اور پولیس و رینجرز کی بھاری نفری نے گلشن حدید کے قریب سومار گوٹھ میں کئی غیر قانونی مکانات کو مسمار کردیا۔علاقہ مکینوں نے کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کیے ۔ آپریشن کے دوران دو سو ایکڑ سے زائد زمین قبضہ مافیا سے وا گزار کرالی گئی۔ قبضے کے الزام میں وکیل نظر جونیجو، عرفان جوکھیو اور علی محمد کو گرفتار کرکے اسٹیل ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ سیل، رینجرز، پولیس و ضلعی انتظامیہ نے گلشن حدید کے قریب سومار گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی مکانات مسمار کردیے ۔اس دوران مکینوں نے عملے سے سخت مزاحمت کی اور احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق قومی شاہراہ کے قریب سرکاری زمین پر طاقتور مافیا نے قبضہ کرکے تعمیرات شروع کررکھی ہیں، لیکن کسی کو زمین پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے ۔ کوشش ہے غریبوں کے گھر مسمار نہ کریں، مگر جن با اثر افراد نے کئی کئی ایکڑ زمین پر قبضہ کر کے تعمیرات کر رکھی ہیں انہیں ضرور مسمار کرینگے ۔ دوسری جانب گوٹھ کے مکینوں شیر محمد، علی محمد، رفیع اللہ و دیگر نے محکمہ ریونیو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 8 برس سے ہم اس گوٹھ میں آباد ہیں، محکمے کو اب خیال آیا ہے کہ یہاں لینڈ مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے ۔گھر مسمار کرکے ہمارے ساتھ زیادتی کی گئی، حکام نوٹس لیں۔