جامعہ کراچی میں ماس کمیونیکیشن انوویٹرزایکسپوکاانعقاد
ترقی کے عمل میں اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں ،شرجیل گوپلانی کی طلباکوہدایتڈاکٹر اقرا ، ڈاکٹر معیز ، ڈاکٹر شاہد اقبال ، ڈاکٹر رفیعہ تاج اور ڈاکٹر عصمت آراکابھی خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ کی جانب سے سالانہ ماس کمیونیکیشن انوویٹرز ایکسپو کا انعقاد شعبہ کے سرور نسیم ہال میں کیا گیا۔ ایکسپو کا مقصد طالب علموں کی جانب سے معاشرے میں لائی گئی ترقی کے نتائج کو دکھانا تھا ،یہ ایکسپو ڈیولپمنٹ سپورٹ کمیونیکیشن کورس کا حصہ تھی جس میں طلبہ و طالبات کے مختلف گروپس معاشرے میں کسی بھی قسم کی ترقی لانے کی کوشش کرتے ہیں، اس برس ہونے والی ایکسپو کے موضوعات میں شجرکاری، معاشرے کے نظر انداز بزرگوں کے مسائل سے آگاہی، کیریئر کونسلنگ ، امتحانات میں طلبہ کو درپیش دباؤ اور ڈپریشن جیسے سنگین مسائل کے حل کے لئے اقدامات شامل تھے ۔ ایکسپو سے آل سٹی تاجر اتحاد کراچی کے صدر شرجیل گوپلانی ، برانچ منیجر دارالسکون ڈاکٹر اقرا ، شعبہ تعلیم سے وابستہ ڈاکٹر معیز خان، ڈاکٹر شاہد اقبال ، شعبہ ابلاغ عامہ کی پروفیسر ڈاکٹر رفیعہ تاج اور پروگرام سپروائزر ڈاکٹر عصمت آرا نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مہم میں شریک طلبہ و طالبات کے ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے تمام طلبہ کے ترقیاتی پروجیکٹس کو سراہا ،انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ترقی کے عمل میں اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔ شرجیل گوپلانی نے مزید کہا کہ طلباء آنے والے جونیئرز میں بھی اس جذبے کو منتقل کریں تاکہ وہ اپنے ملک کے لیے فلاحی کام کریں۔ شعبے کی سینئر استاد پروفیسر ڈاکٹر رفیعہ تاج نے تمام طلباء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا جذبہ قابل ستائش ہے ۔