جناح اسپتال میں فری موبائل ریسٹورنٹ کا افتتاح

 جناح اسپتال میں فری موبائل ریسٹورنٹ کا افتتاح

جے ڈی سی کے تحت ریسٹورنٹ سے روزانہ 15ہزارمستفید ہوتے ہیں فلاحی ادارے حکومت کے دست و بازو ہیں، عمران اسماعیل کی میڈیاسے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جے ڈی سی کی جانب سے جناح اسپتال کراچی پر موجود فری موبائل ریسٹورنٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد گورنر سندھ نے موبائل ریسٹورنٹ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور ان کو سراہا۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جے ڈی سی نے کچن ’’کوئی بھوکا نہ سوئے ‘‘کی طرز پر بنایا ہے جو دنیا کا سب سے بڑا فری ریسٹورنٹ ہے جس سے 15 ہزار لوگ روزانہ مستفید ہوتے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ہمارے ملک میں فلاحی اداروں کا بہت اہم کردار رہا ہے انہوں نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیا ہے جو قابل تحسین امر ہے ، یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ فلاحی ادارے حکومت کے دست و بازو ہیں، اس طرح کے کارخیر سے پاکستان دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی یہی چاہتے ہیں کہ ملک کے غریب عوام کا ساتھ دیا جائے تاکہ وہ بھی اس ملک کے باعزت شہری بن سکیں۔ اس ضمن میں حکومت کی جا نب سے ادارے کو اور تمام مخیر حضرات کو تعاون و مدد فراہم کی جائے گی ۔دریں اثناء جے ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق موبائل ریسٹورنٹ کے دورے کے دوران گورنر سندھ نے افطار کی تیاری کے لیے کڑاہی میں سموسے بھی ڈالے ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جے ڈی سی فاؤنڈیشن ظفر عباس نے گورنر سندھ کو شیلڈ بھی پیش کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں