عید پر استعمال ہونے والی بیشتر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ
چینی کی قیمت 105روپے کلو ہوگئی، پھل، سبزی فروش نرخ کم کرنے پر تیار نہیںناجائز منافع خوروں کے خلاف مقدمات چلاکر سخت سزائیں دی جائیں،صارفین
کراچی (بزنس رپورٹر) کورونا وائرس کے سبب شہرقائد میں لاک ڈاؤن نے جہاں روزمرہ زندگی کے معمولات میں بریک لگادیا ہے ،وہیں منافع خور مافیا پھلوں اور بعض سبزیوں کی قیمتوں میں کمی پر تیار نہیں، عید قریب آتے ہی شہر میں چینی کی قلت پیدا کرکے اس کی قیمت کو بڑھا دیا گیا ہے اور چینی کی خوردہ قیمت 5 روپے بڑھ کر 105روپے کلو ہوگئی، جبکہ عید کے موقع پر کثرت سے استعمال ہونے والی بیشتر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ، تاہم کھجورکا استعمال کم ہوجانے سے اس کی قیمت کم ہوگئی ہے ،چنے کی دال کی قیمت بھی عید کے بعد کم ہونے کا امکان ہے ۔ ریٹیلرز گروسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری فریدقریشی نے بتایا کہ درآمدی اجناس کے جہاز بندرگاہ پر تعطیلات کے سبب رکے ہوئے ہیں اور اب اجناس کی عید کے بعد ہی سپلائی ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار سے حکومت سندھ کے اعلان کے بعد مارکیٹوں میں سناٹے کا راج ہے ،کریانہ کی دکانیں تو کھلی ہیں لیکن خریدار لاک ڈاؤن اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے نہیں آرہے اور کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ماہ رمضان کے آخری عشرے میں سموسے ، رول، پیٹس اور نمکو کی فروخت بھی کم ہوگئی ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ بازاروں میں سبزی،پھل فروش اورکریانہ دکاندار سرکاری نرخ کی کھلے عام دھجیاں اڑا رہے ہیں، ناجائز منافع خوروں کے خلاف مقدمات چلا کرسخت سزائیں دی جائیں،مہنگائی روکنے کیلئے گراں فروشی پر قابو پانا بھی نیشنل ایکشن پلان کا حصہ بنادیا جائے۔