کورونا وبا میں ڈاکٹرز و نرسز کاجذبہ قابل تحسین،عارف اعظم

کورونا وبا میں ڈاکٹرز و نرسز کاجذبہ قابل تحسین،عارف اعظم

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر سندھ میڈیکل اسپتال سے آئے ڈاکٹرز کے وفد سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری جنرل عارف اعظم نے آفاق احمد کی رہائش گاہ پر ڈاکٹرز اور نرسز کے اعزاز میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا۔ سندھ میڈیکل اسپتال سے آئے ڈاکٹرز کے وفد سے گفتگو میں عارف اعظم نے کہا کہ کورونا کے خلاف جاری جنگ میں ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف نے جس بہادری سے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر انسانیت کو بچانے کا بیڑہ اٹھایا ہے ان کے اس عزم و جذبے کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں ڈاکٹرز اور نرسز انسانیت کی خدمت اور انسانی جانوں کو بچاتے ہوئے خوداپنی زندگیوں کی بازی ہار چکے ہیں اور آج بھی اسی انسانی خدمت کے جذبے کے تحت اپنا فرض ادا کررہے ہیں، ان کے اس جذبے کوجتنا سراہا جائے کم ہے ۔ عارف اعظم نے کہاکہ قدرتی آفات اور آزمائشیں نافرمان و مردہ ضمیر انسانوں کو جھنجھوڑنے جبکہ نیک اور فرمانبردار بندوں کے صبر و برداشت کے امتحان کیلئے نازل ہوتی ہیں، جو اللہ کے نیک اور پرہیزگار بندے ہوتے ہیں وہ اس قسم کی آزمائش میں گھبرانے کے بجائے اسے اللہ کی رضا سمجھ کر نہ صرف قبول کرتے ہیں بلکہ اللہ کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوکر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں