ثانوی تعلیمی بورڈ، حکومت سے واجب الادا رقم مانگ لی

ثانوی تعلیمی بورڈ، حکومت سے واجب الادا رقم مانگ لی

انرولمنٹ، امتحانی فارم کی مد میں 15 کروڑ 38 لاکھ کی رقم واجب الادا ہے، ادائیگی کیلئے سیکریٹری بورڈز و جامعات کو یاد دہانی کا خط، خالی اسامیوں پر بھرتی کی بھی درخواست،ایک لاکھ 70ہزارسے زائد طلبہ کیلئے520 امتحانی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ، لڑکوں کیلئے 303 اور لڑکیوں کیلئے 217 مراکز ہوں گے، چیئرمین سید شرف علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سال2021ء کے امتحانات سے قبل حکومت سندھ پر واجب الادا 15 کروڑ 38 لاکھ روپے کی ادائیگی کے لئے سیکریٹری بورڈز و جامعات کو یاد دہانی کا خط لکھ دیا، جبکہ سیکریٹری بورڈز و جامعات سے سینئر آئی ٹی منیجر اور آئی ٹی منیجر سمیت دیگر خالی اسامیوں پر بھرتی کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ میٹرک بورڈ نے سالانہ امتحانات کے حوالے سے امتحانی مراکز کو بھی فائنل کر لیا ہے ، میٹرک بورڈ کے بو رڈ آف گورنرزنے افسران کی ترقی کی سفارشات مسترد کرتے ہوئے پروموشن کمیٹی کو دوبارہ سفارشات مرتب کرنے کا کہا ہے ۔ اس ضمن میں میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے بتایا کہ بورڈ نے تقریباً ایک لاکھ 70ہزارسے زائد طلبہ کے لیے 520 امتحانی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں لڑکوں کے لیے 303 اور لڑکیوں کے لیے 217 امتحانی مراکز ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے انرولمنٹ اور امتحانی فارم کی مد میں سندھ حکومت پر 15 کروڑ 38 لاکھ روپے کی رقم واجب الادا ہے ، جس کی ادائیگی کے لیے سیکریٹری بورڈ ز و جامعات کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متعدد بار ثانوی تعلیمی بورڈ میں خالی اسامیوں کے لیے سیکریٹری بورڈز اور جامعات کو خط لکھا گیا، مگر اب تک کوئی جواب نہیں آیا ہے، میٹرک بورڈ کو فوری طور پر سینئر آئی ٹی منیجر اور آئی ٹی منیجر کی ضرورت ہے، اس کے لیے آخری بار اپریل میں یاد دہانی کا خط لکھا گیا تھا، مگر تاحال اس کا بھی جواب نہیں آیا ہے۔ افسران کی ترقی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سید شرف علی شاہ کا کہنا تھا کہ اپریل میں بی او جی کا اجلاس ہوا تھا جس میں 4 افسران کی ترقی کے حوالے سے پروموشن کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئی تھیں، تاہم بی او جی نے ان سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پروموشن کمیٹی دوبارہ اپنی سفارشات مرتب کر کے پیش کرے، اس لیے ان افسران کی ترقی کا معاملہ التوا میں ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں