صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچرکی بہتری پرتوجہ،اکرام دھاریجو

صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچرکی بہتری پرتوجہ،اکرام دھاریجو

ایسوسی ایشنزکو فنڈزدینے کیلئے اقدامات جاری ، صوبائی وزیرکاکاٹی میں خطاب،نئے صنعتی زون کے قیام کیلئے کوشش کررہے ہیں،تاجروں کی تجاویزکاجائزہ لینگے

کراچی (بزنس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام دھاریجونے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے ، صنعتی ایسو سی ایشنز کو فنڈز دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر کی جانب سے کاٹی اور یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کے اعزاز میں دیے گئے عشایے سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پرکاٹی اور یو بی جی کے عہدیداران، کاٹی کے سابق صدور وچیئرمین، مجلس عاملہ کے اراکین، صنعتکار ودیگر بھی موجود تھے ۔ وزیر صنعت نے کہا کہ صنعتکاروں کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کا جائزہ لے کر ان کو موثر بنایا جائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ نئے صنعتی زون کے قیام کو عمل میں لائیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا اب سندھ حکومت سے امید ہے کہ بجٹ میں بزنس کمیونٹی اور عوام کیلئے ریلیف پیش کریں گے ۔ موجودہ بجٹ مجموعی طور پر اچھا اور متوازن ہے ۔ انہوں نے صدر کاٹی کی خدمات سراہتے ہوئے کہا کہ کاٹی کے صدر سلیم الزماں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کاٹی کے ساتھ اشتراک سے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں