جامعہ کراچی، ایم فل داخلوں میں بے ضابطگی کا انکشاف

جامعہ کراچی، ایم فل داخلوں میں بے ضابطگی کا انکشاف

ٹیسٹ کے پرچوں میں درست جوابات بولڈ کر کے واضح کر دئیے گئے تھے ، احمد منیب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی احمد منیب نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی میں 18 جولائی کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کاانعقاد کیا گیا، اس سلسلے میں مختلف شعبہ جات میں ٹیسٹ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا، یہ پرچہ ایم سی کیوز پر مشتمل تھا جس میں سے طلبا و طالبات کو درست جوابات کا انتخاب کرنا تھا، شعبہ جرمیات کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کے پرچوں میں درست جوابات پہلے ہی بولڈ کر کے واضح کردئیے گئے تھے۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی احمد منیب کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کراچی انتظامیہ نئے ناموں کے ساتھ وہی پرانی پالیسیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور فیسوں میں ہوشربا اضافے کے جواز میں یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ طلبا و طالبات کو اس اضافے کے نتیجے میں بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی، مگر صد افسوس کہ جامعہ انتظامیہ بہترین سہولتوں کے برعکس ضروری سہولت فراہم کرنے میں بھی ناکام ہے۔ ترجمان جمعیت کے مطابق جامعہ کراچی ایک عظیم درس گاہ ہے مگر موجودہ انتظامیہ مسلسل اپنی ناکام پالیسیوں سے جامعہ کی ساکھ کو نقصان پہنچارہی ہے،گزشتہ برس بھی ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلوں میں من پسند طلبا و طالبات کو داخلوں سے نوازا گیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں